حرفِ آغاز
اسلام کے پانچ اراکین ہیں۔ ان میں سے نماز اہم ترین رکن ہے۔ اس کی اہمیت کے لیے اتنا ہی کافی ہے کہ نبی کریم ﷺ کے فرمانِ عالی شان کے مطابق مسلمان اور مشرک میں فرق نماز کا ہے۔ ایک اور حدیث میں بندے اور کفر کے درمیان فرق نماز کو قرار دیا گیا ہے۔ نماز اسی طریقے سے پڑھنی چاہیے جیسے اللہ کے نبی ﷺ پڑھا کرتے تھے۔ احادیث مبارکہ میں ہمیں نمازِ نبوی کا طریقہ تو ملتا ہے لیکن نمازیوں کی ایک بڑی تعداد ایسی ہے جو مسنون طریقے سے نماز نہیں پڑھتی اور کچھ ایسے بھی ہیں جو مسنون طریقے سے نماز تو پڑھتے ہیں لیکن ان کی نمازوں میں کئی ایک کمیاں، کوتاہیاں اور غلطیاں ہوتی ہیں۔ اس کتاب میں توفیقِ الٰہی سے ایسی ہی باتوں کی نشاندہی کی گئی ہے تاکہ لوگ اپنی نمازیں درست کرسکیں۔
کافی سال پہلے لاہور کی ایک بستی ساندہ کی مسجد قباء میں رمضان المبارک میں نمازِ فجر کے بعد مجھے روزانہ گفتگو کا موقع ملا تو میں نے نماز میں لوگوں کی غلطیوں کی اصلاح کے موضوع پر درس دیے۔ وہی درس اس کتاب کا نقطہ آغاز بنے۔ کئی سال یہ مسودہ ایسے ہی پڑا رہا اور اب آ کر یہ شائع ہو رہا ہے۔
اس کتاب میں فقہی اختلافات اور مباحث سے گریز کی کوشش کی گئی ہے۔ پاک و ہند میں نماز کے معروف فروعی مسائل مثلاً رفع الیدین، آمین بالجہرو، فاتحہ خلف الامام وغیرہ پہ گفتگو نہیں کی گئی کیونکہ ان مباحث پہ درجنوں کتب دستیاب ہیں۔ جسے دلچسپی ہو، وہ ان کتب کی طرف رجوع کرسکتا ہے۔ بطور مثال میں نے اس کتاب میں یہ ثابت نہیں کیا کہ رفع الیدین سنت نبوی ہے لیکن اس پہ ضرور گفتگو کی ہے کہ رفع الیدین کا مسنون طریقہ کیا ہے، رفع الیدین کرتے وقت کیا غلطی کی جاتی ہے۔ اس پہ بھی گفتگو نہیں کی کہ صف بندی کے دوران قدم سے قدم ملانے کے دلائل کیا ہیں لیکن قدم سے قدم ملاتے وقت جو غلطیاں کی جاتی ہیں، وہ ضرور بیان کی ہیں۔ علیٰ ھذا القیاس دیگر فقہی اختلافی مسائل ہیں۔
توفیق الٰہی سے کوشش کی ہے کہ نماز میں سرزد ہو جانے والی زیادہ سے زیادہ غلطیوں اور کوتاہیوں کو جمع کیا جائے۔ ان میں سے بعض خطاؤں کا تعلق ہمارے معاشرتی رواج سے بھی ہے۔ اردو زبان میں اس موضوع پہ دعوتی اسلوب میں لکھی جانے والی شاید یہ منفرد کتاب ہے۔ اس کتاب سے استفادے کی بہتر صورت یہ ہوگی کہ مساجد میں نمازیوں کے سامنے اس کے درس کا اہتمام کیا جائے۔ ان شاء اللہ تعالیٰ یہ کتاب قارئین کے لیے خیر کا ذریعہ بنے گی اور وہ اس میں بیان کردہ مسائل کی روشنی میں اپنی اصلاح کر سکیں گے۔
میں بے حد شکر گزار ہوں محترم مولانا نصیر احمد کاشف کا جو محدثِ العصر علامہ زبیر علی زئی رحمہ اللہ کے تلمیذِ رشید ہیں۔ انہوں نے اس کتاب کی تخریج اور تحقیق میں میرے ساتھ تعاون فرمایا۔ ان کے علاوہ مولانا عبدالرحمٰن نے اس کتاب کی پروف ریڈنگ میں میرے ساتھ تعاون کیا جبکہ میرے بیٹے عزیز القدر حافظ حنین قدوسی سلمہ اللہ تعالیٰ نے دقتِ نظر سے کتاب کا مطالعہ کیا اور بعض اہم اور مفید مشورے دیے۔
یہ کتاب پڑوسی ملک بھارت سے بھی مکتبہ فہیم کے زیرِ اہتمام شائع ہو رہی ہے۔
دعا ہے کہ اس کتاب کے مطالعے سے لوگوں کی نمازیں سنت کے مطابق ہوں، غلطیوں اور خطاؤں سے پاک ہوں تاکہ انہیں اپنی نمازوں کا پورا پورا اجر مل سکے۔ آمین
عمر فاروق قدوسی
5مارچ2026ء
واللہ اعلم بالصواب
تحقیق و تدوین
عمر فاروق قدوسی
عمر فاروق قدوسی اسلامی موضوعات پر لکھنے والے مصنف ہیں۔ ان کی تحریروں میں عبادات، نماز، طہارت، استخارہ اور دینی رہنمائی سے متعلق موضوعات نمایاں ہیں۔ ان کی تصانیف میں خطبات علامہ احسان الٰہی ظہیر، اللؤلؤ والمرجان اردو ترجمے کی ترتیب و تدوین ، انوار المصابیح شرح مشکاۃ المصابیح کے عناوین، نبوی مجموعہ وظائف، اہل حدیث پر کچھ مزید کرم فرمائیاں، نبیِ رحمت ﷺ کی راتیں اور استخارہ کتاب و سنت کی روشنی میں شامل ہیں۔